ممبئی(سچ نیوز) خواتین کو ہراساں کرنے والے مردوں کے بارے میں تو آپ نے سنا ہو گا مگر بھارت میں ایک صاحب پولیس کے پاس شکایت لے کر پہنچ گئے کہ ایک لڑکی نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور کسی طور باز آنے کو تیار نہیں ہے۔ پولیس نے بھی اس شخص کی شکایت کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے اور مقدمہ درج کر کے باقاعدہ طور پر کاروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شکایت درج کروانے والے 38 سالہ شخص کا نام نارنگ ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے بزنس مین ہے۔ اس نے پولیس کو شکایت کی ہے کہ ایک لڑکی کئی ماہ سے اُس کے پیچھے پڑی ہے۔ پہلے وہ واٹس ایپ پر میسج بھیجتی رہتی تھی مگر جب واٹس ایپ پر بلاک کیا تو ٹیکسٹ میسج بھیجنے شروع کر دئیے۔ بزنس مین کا کہنا ہے کہ لڑکی کبھی اسے پوچھتی ہے کہ وہ تنہا ہے یا شادی شدہ، کبھی کہتی ہے کہ وہ شادی کرنا چاہتی ہے اور اس کے بغیر زندہ رہنے کا سوچ بھی نہیں سکتی، اور کبھی اس کے دفتر یا گھر چلی آنے کی دھمکی دیتی ہے۔درخواست گزار نے پولیس کو مزید بتایا کہ اُس نے لڑکی کو وارننگ دی کہ اس کے خلاف پولیس کے پاس جائے گا، مگر لڑکی کا کہنا تھا کہ ”جو مرضی کر لو میں تمہارا پیچھا نہیں چھوڑوں گی۔“ بالآخر یہ شخص پولیس کے پاس پہنچ ہی گیا اور لڑکی کے خلاف جنسی ہراس کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرنے کے بعد ضابطے کے مطابق کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔