لاہور (سچ نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے صاحبزادے سعد صدیق باجوہ شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں ۔ ان کی دعوت ولیمہ کیلئے سٹیج کی تیاری سمیت ڈیزائننگ کا سارا کام معروف انٹیریئر ڈیزائنر قاسم یار ٹوانہ نے کیا۔قاسم یار ٹوانہ معروف ٹی وی ہوسٹ عاصم یار ٹوانہ کے چھوٹے بھائی اور سرگودھا کے معروف جاگیردار ٹوانہ خاندان کے چشم و چراغ ہیں جو انٹیریئر ڈیزائننگ میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ میں سٹیج سمیت ایونٹ مینجمنٹ کا کام انہوں نے ہی کیا ہے۔قاسم یار ٹوانہ نے انسٹاگرام پر سعد باجوہ کے ولیمے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے صاحبزادے کے ولیمے کے انتظامات کرنا ان کیلئے اعزاز کا باعث ہے۔ ’ ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ ملک کے حکمران طبقے میں سادگی پائی جاتی ہو ، لیکن جنرل باجوہ بہت ہی سادہ ،باوقار اور شائستہ ہیں‘۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ لاہور کے گالف اینڈ کنٹری کلب میں ہوئی تھی ۔ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ،وزیر اعظم عمران خان ، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار ،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،سابق صدر آصف زرادری ،بلاول بھٹو زرداری،شہباز شریف سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات نے شرکت کی تھی۔آرمی چیف کے صاحبزادے نے معروف کاروباری شخصیت صابر حمید کی بیٹی کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کیا ہے۔ ان کا نکاح معروف سکالر علامہ ثاقب رضا مصطفائی نے پڑھایا۔ تقریب میں دولہے اور دولہن کے قریبی دوستوں اور عزیزوں نے شرکت کی۔شادی کی تقریب میں آرمی چیف نے محفل میلاد کا انعقاد کیا جس میں نعت خوانی کی گئی۔