آصف بسرا کی خود کشی کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی

آصف بسرا کی خود کشی کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی

دھرم شالہ ( سچ نیوز ) بالی ووڈ کے 53 سالہ اداکار آصف بسرا نے اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق انہوں نے مبینہ طور پر ڈپریشن کی وجہ سے خود کشی کی ہے۔

بھارتی ٹی وی چینل نیوز 18 کے مطابق ریاست ہماچل پردیش میں آصف بسرا ایک کرائے کے فلیٹ میں گزشتہ 5 سالوں سے مقیم تھے۔ وہ ایک غیر ملکی خاتون کے ساتھ لِو اِن ریلیشن شپ میں رہ رہے تھے۔

جمعرات کی دوپہر کو آصف بسرا اپنے کتے کو گھمانے کیلئے باہر لے کر گئے اور واپس آکر کتے کی رسی کے ساتھ ہی پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد امکان ظاہر کیا ہے کہ اداکار نے ڈپریشن کی وجہ سے خود کشی کی ہے۔ تاہم اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

آصف بسرا فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کا ایک بڑا نام تھے، انہوں نے تھیٹر میں بھی خوب نام کمایا۔ وہ سشانت سنگھ راجپوت کی فلم کائی پو چے، رانی مکھرجی کی ہچکی، ہریتک روشن کی کرش 3، شاہد کپور اور کرینہ کپور کی جب وی میٹ ، انوراگ کیشپ کی بلیک فرائیڈے اور سیف علی خان کی فلم قلاقندی میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

انہوں نے اپنی زندگی کا آخری کردار ہاٹ سٹار کی سپیشل سیریز ہوسٹیجز میں کردار نبھایا تھا، اس سیریز کا دوسرا سیزن رواں برس ستمبر میں ریلیز ہوا تھا۔خیال رہے کہ اس سے قبل 15 جون کو بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے بھی خود کشی کی تھی۔ سشانت کے بعد بھی بعض لوگوں نے موت کو گلے لگایا لیکن آصف بسرا اس فہرست میں سب سے زیادہ جانا پہچانا چہرہ تھے۔

Exit mobile version