میکسیکو سٹی(سچ نیوز) مغربی دنیا میں اگرچہ لوگ بھوت پریت جیسی باتوں پر کم ہی یقین رکھتے ہیں مگر بعض اوقات کسی کے ساتھ کوئی ایسا واقعہ بھی پیش آ جاتا ہے کہ خود ساری دنیا کو اس کے بارے میں بتاتا پھرتا ہے۔ کچھ ایسا ہی پراسرار واقعہ میکسیکو سٹی کے مرکزی ائیرپورٹ پر کام کرنے والے ایک سکیورٹی اہلکار کے ساتھ پیش آیا ہے، اور اتفاق کی بات ہے کہ اس سارے واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے۔یہ ویڈیو اس اہلکار نے خود ہی ریکارڈ کی، جس کے متعلق وہ بتاتا ہے کہ ”رات کے تین بج رہے تھے اور میں اپنی شفٹ ختم کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔ اس دوران مجھے ایک خالی کھڑے طیارے کے اندر سے دھما چوکڑی کی آوازیں سنائی دینے لگیں۔ یہ حیران کن بات تھی کہ اس وقت طیارے میں کون ہو سکتا تھا۔ میں صورتحال جاننے کے لئے طیارے کے اندر گیا اور اپنی ٹارچ کی روشنی ادھر اُدھر ڈالنے لگا۔ جب میں کاک پٹ کی جانب بڑھا تو ٹارچ کی روشنی ایک کونے میں پڑی اور میں نے ایک تاریک سائے کو وہاں حرکت کرتے دیکھا۔ پہلے مجھے لگا شاید مجھے نظر کا دھوکہ ہوا ہے۔ میں مزید کچھ قدم آگے بڑھا اور تب یہ سایہ ایک بار پھر آگے کی جانب سرکتا اور پھر پیچھے ہٹتا نظر آیا۔ یہ منظر اتنا خوفناک تھا کہ میں نے اپنی جان کے خوف سے وہاں سے دوڑ لگا دی۔ “سکیورٹی اہلکار کا کہنا ہے کہ اسے بھوتوں چڑیلوں پر کبھی یقین نہیں رہا مگر یہ واقعہ تو خود اس کے ساتھ پیش آ گیا۔ اُس نے سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر ویڈیو ریکارڈنگ نہ ہوتی تو شاید وہ کسی کو بتا بھی نہیں پاتا کہ رات کے آخری پہرے خالی طیارے کے اندر اُس نے کیا دیکھا۔