ابوظہبی: (سچ نیوز) نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، قومی سپنر یاسر شاہ نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قومی ٹیم نے تیسرے دن کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 37 رنز بنا لیے ہیں.
ابوظہبی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کا پلڑا بھاری ہو گیا ہے، پاکستانی گیند بازوں نے کسی کیوی کھلاڑی کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، پوری ٹیم 249 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی جانب سے سپن باؤلر یاسر شاہ اور تیز گیند باز حسن علی کامیاب رہے جنہوں نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کر کے کھلاڑیوں کو واپسی کی راہ دکھائی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے واٹلنگ 59، نکلز 55 اور راول 46 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
کرس واٹلنگ اور نکلز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 112 رنز کا اضافہ کر کے نیوزی لینڈ کو میچ میں واپس لانے میں اہم کردار اد کیا، تاہم نکلز کے آؤٹ ہونے کے بعد باقی آنے والے پانچوں کھلاڑی سکور میں صرف 30 رنز کا اضافہ کر سکے۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز کے سکور 153 رنز کے جواب میں 227 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ پر 74 رنز کی برتری حاصل کی۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ہی ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی گئی جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں تین صفر سے شکست دی جبکہ ون ڈے سیریز ایک، ایک میچ سے برابر رہی تھی۔