امرتسر (سچ نیوز)ڈپٹی کمشنر امرتسر ایس ایس ڈھلوں نے کہا ہے کہ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو میڈیا کے سامنے لانے کے حوالے سے فیصلہ اس کے میڈیکل چیک اپ کے بعد کیا جائے گا۔بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کے بھارت واپس پہنچنے پر میڈیا سے سب سے پہلے بھارتی فضائیہ کے ایئر وائس مارشل اے وی ایم کپور نے مختصر خطاب کیا۔ انہوں نے پہلے سے لکھا ہوا تین سطری بیان پڑھا اور کسی سوال کا جواب دیے بغیر واپس چلے گئے۔ ایئر وائس مارشل کے ساتھ ڈپٹی کمشنر امرتسر شِو دولر سنگھ ڈھلوں (ایس ایس ڈھلوں) بھی واپس جانے لگے تو صحافیوں نے ان کا ہاتھ پکڑ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر امرتسر نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اتھارٹی نے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو ہمارے حوالے کردیا ہے ہمیں خوشی ہے کہ وہ واپس آگیا ہے، اب پروسیجر کے مطابق اس کا میڈیکل چیک اپ کیا جائے گا۔ابھی نندن کی حوالگی میں تاخیر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایس ایس ڈھلوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی حکام سے نہیں پوچھا کہ اس کی حوالگی میں تاخیر کیوں ہوئی، اسلام آباد سے واہگہ کا فاصلہ بہت زیادہ ہے جس کے باعث ممکنہ طور پر اس کی آمد میں تاخیر ہوئی ہوگی۔ عمومی طور پر بارڈر اس وقت بند ہوجاتا ہے لیکن سپیشل کیس کے طور پر دونوں اطراف سے بارڈر کو کھول کر رکھا گیا۔ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیاونگ کمانڈر کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا ؟جس پر ڈپٹی کمشنر امرتسر نے کہا کہ فوری طور پر ابھی نندن میڈیا کے سامنے نہیں آسکتا، بھارتی فضائیہ کے اعلیٰ افسران اس کو لینے کیلئے آئے ہیں، سب سے پہلے اس کا میڈیکل چیک اپ کیا جائے گا جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ اسے میڈیا کے سامنے لانا ہے یا نہیں۔