نئی دہلی(سچ نیوز)پاکستان میں طیارہ تباہ کروا کے گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ’ابھی نندن‘کا واپسی پر بھارت میں ایک ہیرو کی طرح استقبال کیا گیا اور غیرمتوقع طور پروہ ایک فیشن ٹرینڈ سیٹر کے طور پر سامنے آئے ہیں کہ بھارتی نوجوانوں کی بڑی تعدادنے خود کو ان کے رنگ میں رنگ لیا ہے۔ سی این این کے مطابق ابھی نندن کی مونچھیں ان کی خاص شناخت تھیں، جن کی نقل بھارتی نوجوان کر رہے ہیں اور ان جیسی مونچھیں رکھ کر اپنی تصاویر بنا رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پورے بھارت میں مونچھوں کے اس سٹائل کو ’ابھی نندن‘ کا نام دیا جا چکا ہے اور نوجوان ہیئرسیلونز پر جا کر فرمائشیں کر رہے ہیں کہ ان کی مونچھوں کو ابھی نندن سٹائل دیا جائے۔ان مونچھوں کے ساتھ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کی جانے والی تصاویرکے ساتھ ادتیہ سوامی ناتھن، یادنیش پیندھارکر، روہت اور دیگر نوجوانوں نے لکھا ہے کہ انہوں نے یہ مونچھیں ابھی نندن سے متاثر ہو کر رکھیں اور یہ ان کی طرف سے ابھی نندن کو ٹربیوٹ ہے۔