راملہ(سچ نیوز) اسرائیل کی سر حدی پولیس نے اٹلی کے2مصوروں کو گرفتار کر لیا. یہ مصور جیل میں قید فلسطینی نوجوان لڑکی عہد تمیمی کا خاکہ بنا رہے تھے۔
فلسطینی حکام کے مطابق یہ مصور اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے بیت اللحم میں 17 سالہ فلسطینی عہد تمیمی کا خاکہ بنا رہے تھے۔فلسطین لبریشن آرگنائزیشن نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے اٹلی کے دو فنکاروں اور فلسطینی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔ گزشتہ سال 15 دسمبر کو نبی صالح گاؤں میں اپنے گھر کے باہر ایک اسرائیلی فوجی کو تھپڑ اور لات مارنے کے الزام میں عہد تمیمی کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔ اس وقت وہ صرف 16 سال کی تھی۔ اس واقعہ کے بعد تمیمی دنیا بھر میں اور فلسطینیوں کے درمیان کافی مشہور ہو گئی تھی۔