یروشلم(سچ نیوز)اسرائیل نے حالیہ دنوں فلسطینیوں پر مظالم کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ بے کس و مجبور فلسطینی ایک سفاک غاصب کے ظلم و ستم کے نشانے پر ہیں، دنیاوی ذرائع و اسباب سے محروم ہیں، لیکن ایسے بے بس بھی نہیں کہ اسرائیل کی بدمعاشی کا جواب نہ دے سکیں۔ ایک جانب اگر اسرائیل فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر رہا ہے تو دوسری جانب سے اس پر بھی راکٹوں کی بارش ہو رہی ہے۔ حالات یہ ہو چکے ہیں کہ دن رات اسرائیل میں خطرے کے سائرن بجنے لگے ہیں اور ہر کوئی شدید خوف میں مبتلاء ہے کہ معلوم نہیں کب غزہ کی پٹی سے داغا گیا کوئی راکٹ اسے آن لے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز غزہ کے علاقے سے فائر کیے گئے 370 راکٹ اسرائیل کے جنوبی علاقے میں گرے اور اس حملے کے نتیجے میں ایک آدمی کے ہلاک ہونے کی خبر سامنے آئی ہے۔ اسرائیلی اخبار ہارٹز کے مطابق غزہ سے فائر کیے جانے والے راکٹوں کے جواب میں اسرائیلی فورسز نے غزہ پر مزید بمباری کی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ کے علاقے سے فائر کیے گئے 370راکٹوں میں سے 100 کو اسرائیلی آئرن ڈوم میزائل ڈیفنس سسٹم نے راستے میں تباہ کر دیا۔ غزہ کے علاقے سے کیے جانے والے حملے کے نتیجے میں سارے اسرائیل میں خطرے کے سائرن بجائے جاتے رہے جبکہ ییہ اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ ان حملوں میں ستر سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ جوابی حملوں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے غزوہ میں 100 مختلف جگہوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں چار فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج آرمڈ کور اور اینٹری یونٹ کو بھی غزہ کی پٹی کی جانب حرکت دے رہی ہے جبکہ اسرائیلی ایئرفورس بھی حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ اس سے پہلے کیے گئے فضائی حملوں میں حماس کے اسلحہ خانے ، اسلحہ ساز فیکٹری اور ایک فوجی چھاؤنی کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ حماس کے پبلک سیکیورٹی دفاتر کو بھی اسرائیلی فوج نے نشانہ بنا یا ہے۔