اسلام آباد: (سچ نیوز ) العزیزیہ ریفرنس میں شواہد مکمل ہوگئے، نیب پراسیکیورٹر نے احتساب عدالت میں حتمی بیان دے دیا، آئندہ سماعت پر ملزم نواز شریف کا بیان قلمبند ہوگا۔
نیب پراسیکیوٹر واثق ملک نے احتساب عدالت میں حتمی بیان دیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا العزیزیہ ریفرنس میں ہمارے شواہد مکمل ہو گئے، العزیزیہ ریفرنس میں کل 22 گواہان کے بیانات قلمبند کرائے، سپریم کورٹ کے 20 اپریل اور 28 جولائی 2017ء کے فیصلے کی کاپیاں بھی پیش کیں۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نیب پراسیکیوٹر کے بیان پر اعتراض کیا اور کہا سپریم کورٹ کا 20 اپریل کا فیصلہ اس ریفرنس سے متعلق نہیں، دوسرا فیصلہ آجانے کے بعد پرانا فیصلہ پیش نہیں کیا جاسکتا۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا دونوں فیصلوں میں مشترک بنیادیں حوالے کے طور پر پڑھی جاسکتی ہیں۔