لکھنؤ( سچ نیوز )بھارتی ریاست اترپردیش کے شہرلکھنو میں ایک ڈاکٹر کو بے وقوف بنا کر لاکھوں روپے کا جعلی الہ دین کا چراغ فروخت کرنے والے نوسرباز گرفتار ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سینئر پولیس افسر امت رائے نے بتایا کہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک ڈاکٹر لئیق خان نے پولیس تھانے میں شکایت درج کروائی تھی کہ اس نے 7 لاکھ بھارتی روپے دے کر الہ دین کا چراغ خریدا تھا اور اب اسے اندازہ ہوا ہے کہ اس کے ساتھ دھوکا ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ شکایت درج کروانے والے ڈاکٹر نے پولیس کو بتایا تھا کہ جادوٹونا کرنے والوں کے بھیس میں اسے ملنے والے دو افراد نے اسے بتایا تھا کہ ان کے پاس معروف طلسماتی داستان والا الہ دین کا چراغ ہے اور اسے رگڑنے پر جن نکلتا ہے جو کسی کو بھی مالا مال کرسکتا ہے۔
ڈاکٹرنے جن نوسربازوں سے یہ چراغ خریدا تھا انہوں نے اس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر ایک بار اس چراغ میں سے جن بھی نکال کر دکھایا تھا۔افسر کا کہنا ہے کہ شکایت کنندہ کے مطابق چراغ رگڑنے پر ملزمان میں سے ایک نے جن کا روپ دھار کر اسے بے وقوف بنایا اور اس نے بھی یقین کرلیا کہ وہ چراغ سے نکلنے والا جن ہے۔امت رائے نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے نوسر باز ایسی جعل سازیوں سے کئی دیگر خاندانوں کو بے وقوف بنا کر ان سے لاکھوں روپے بٹور چکے ہیں۔
خیال رہے کہ قدیم لوک کہانیوں میں ‘الہ دین کا چراغ’ ایک ایسا چراغ ہے جسے رگڑنے سے اس میں سے جن برآمد ہوتا ہے جو کہ چراغ رگڑنے والے کے تابع ہوتا ہے اور اس کی خواہشات پوری کرتا ہے۔