لاہور (سچ نیوز)نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ الیکشن قریب آتے ہی ہر سیاسی پارٹی مظلوم بن جاتی ہے،نواز شریف کی واپسی کے موقع پر (ن) لیگ کی ریلی میں لاکھوں نہیں صرف10ہزار لوگ تھے، ریلی کا راستہ نہیں روکا گیا، جہاں تک جا سکی وہاں تک گئی ہے، میری زندگی میں شہباز شریف اور عمران خان سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی تاہم نواز شریف سے ایک دو بار ملاقات ہوئی ہے۔نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ جب نواز واپس آئے تو شہباز شریف کی ریلی کو کسی بھی جگہ پر نہیں روکا گیا اور نہ ہی کنٹینر لگا کر راستے بند کئے گئے، ریلی جہاں تک جا سکی وہاں تک گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ لاہور کی سڑکوں پر لاکھوں لوگ تھے، وہاں پر10سے15ہزار لوگ تھے۔انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف کا معاملہ نیب ڈیل کر رہی ہے نیب نے ہی نواز شریف کو گرفتار کیا ،نگران حکومت نے صرف سیکیورٹی انتظامات کیے، نواز شریف کو اسلام آباد تک لے جانے کا کام بھی نیب نے کیا ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن قریب آتے ہی ہر سیاسی پارٹی مظلوم بن جاتی ہے ،اگر مسلم لیگ ن کو نواز شریف کے خلاف فیصلے یا پھر نیب سے شکایت ہے تو پھر اس کاتعلق نگران حکومت سے نہیں ہے، نگران حکومت کا کام الیکشن کمیشن کی جانب سے دیئے گئے کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل درآمد کرانا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی پارٹی کو یہ شکایت ہے کہ انہیں مواقع نہیں دیئے جا رہے ہیں تو وہ نگران وزیرداخلہ کو بتائیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جاتی ہے ،انتخابات کرانا بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ہم صرف معاونت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات پہلی بار نہیں ہو رہے، جلسے اور جلوس کا طریقہ کار ہے، وہاں لوکل انتظامیہ سے معاملات طے کرنے ہوتے ہیں۔