تہران (سچ نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا عالمی برادری میں شدید تنہائی کا شکار ہو چکا ہے، ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے معاملے میں امریکا اس قدر الگ تھگ ہو کر رہ گیا ہے، جس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔ایرانی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ اس غیر قانونی اقدام کی وجہ سے امریکا کے اتحادی بھی اس سے دور چلے گئے ہیں، امریکا کے غیر قانونی اقدامات کے باعث اس کے اپنے اتحادیوں نے اسے چھوڑ دیا ہے۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ان کی حکومت عوام کو یقین دلاتی ہے کہ انہیں بدلتے ہوئے عالمی حالات کے باعث ملک میں توانائی، ٹرانسپورٹ، بنیادی ضروریاتِ زندگی اور پیداوار کے بارے میں کسی مشکل یا کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ ایرانی صدر کی صحافیوں سے گفتگو ٹی وی پر براہِ راست نشر کی گئی جس کا مقصد بظاہر ایرانی عوام کے ان خدشات کا ازالہ کرنا تھا جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ 2015ء میں طے پانے والا جوہری معاہدہ ختم کرنے اور اقتصادی پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کے اعلان کے باعث بڑھ رہے ہیں۔یہ بھی یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کے اعلان کے بعد سے ایرانی کرنسی کی قدر میں کمی آئی ہے اور ملک بھر میں حکومت مخالف احتجاج نے زور پکڑا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا کے ساتھ 2015ء کے ایران معاہدے پر دستخط کرنے والی دیگر پانچ عالمی طاقتوں برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس اور چین نے اعلان کیا ہے کہ امریکی اقدام کے برعکس معاہدے پر عمل جاری رکھیں گے۔ ایرانی حکومت اور ان پانچوں ملکوں کے حکام کے درمیان امریکا کے بغیر جوہری معاہدے پر عمل جاری رکھنے کی تفصیلات اور طریقہ کار طے کرنے کے لیے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔