واشنگٹن(سچ نیوز)صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کردیں جن کا اطلاق آج رات سے ہوگا
، ایران سے نیا جوہری معاہدہ تیار کیا جائے جس کے لئے ہم تیار ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے نئے جوہری معاہدے کے لیے تیارہیں، لیکن جو معاہدہ کیا جائے وہ بہت جامع ہونا چاہئے ،جامع معاہدہ ایساہوجس میں ایرانی کی تمام تخریبی سرگرمیوں کااحاطہ کیاجائے،معاہدے میں ایرانی بیلسٹک میزائل پروگرام کا ذکر ہونا چاہئے ،انہوں نے کہاکہ ایران پرامریکی پابندیوں کے پہلے فیزکاآغازآج رات سے ہوگا، منگل کے روزسے ایرانی حکومت کسی بھی قسم کے امریکی بینک سے نوٹ نہیں خرید سکے گی، علاوہ ازیں ایرانی صنعت پر وسیع پابندیوں کا نفاذ عمل میں آئے گا جس میں اس کی قالین کی صنعت بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ 2015ءمیں امریکی صدر باراک اوباما اور ایرانی حکومت میں جوہری معاہدہ ہوا تھا اور اسی دن ایران سے معاشی پابندیاں ختم کردی گئی تھیں تاہم نئے امریکی صدر نے اس معاہدے کو رواں برس مئی میں غیر موثر کرتے ہوئے ایران پر اقتصادی پابندیوں کا نفاذ شروع کردیا تھا اور کہا تھا کہ یہ ایک غیر فعال معاہدہ ہے جس میں ایران کو نوازا گیا۔