نیویارک( سچ نیوز ) امریکی میڈیا نے القاعدہ کے دوسرے بڑے لیڈر عبداللہ احمد عبداللہ المعروف ابو محمد المصری کی ایران میں ہلاکت کا دعویٰ کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ ابو محمد المصری کو ایران میں اسرائیلی ایجنٹس نے گولیاں مار کر قتل کیا۔ امریکی فیڈرل حکام نے المصری کو پکڑنے میں مددگار معلومات دینے والے شخص کے لیے 1کروڑ ڈالر کا انعام کا اعلان بھی کر رکھا تھا۔
امریکی میڈیا نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ القاعدہ کے دوسرے بڑے لیڈر المصری کو رواں سال اگست کے مہینے میں تہران میں ایک سڑک پر گولیاں ماری گئیں۔ انہیں 2اسرائیلی ایجنٹوں نے گولیاں ماریں جو موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ اس واقعے میں ابومحمد المصری کے ساتھ اس کی بیوی بیٹی مریم بھی جاں بحق ہو گئی تھی۔مریم القاعدہ کے لیڈر اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی اہلیہ تھی۔ ابو محمد المصری پر 1998ء میں افریقی ملک تنزانیہ اور کینیا میں 2امریکی سفارت خانوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام تھا جن میں 224افراد ہلاک ہو گئے تھے۔