امریکی سائنسدانوں نے چوہوں پر تجربات کے بعد دریافت کیا کہ بجلی اور مقناطیسی میدان (ای ایم ایف) سے ٹائپ 2 ذیابیطس میں افاقہ ہوتا ہے
آئیووا(سچ نیوز)یونیورسٹی آف آئیووا میں کارور کالج آف میڈیسن کی سنی ہوانگ اور کیلون کارٹر کی مشترکہ تحقیق کے دوران ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا چوہوں کو روزانہ دو گھنٹے کیلئے تین دن تک ساکن برقی مقناطیسی میدان میں رکھا گیا اس کے بعد چوہوں کے خون میں شکر اور انسولین کی حساسیت کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ معمول پر واپس آچکی تھیں۔ خاص بات یہ تھی کہ اُن چوہوں میں بھی بلڈ شوگر اور انسولین کی کارکردگی معمول پر واپس آگئی جنہیں جینیاتی تبدیلیوں کے ذریعے ذیابیطس میں مبتلا کیا گیا تھا جبکہ دوسری جانب برقی مقناطیسی میدان کے یہ اثرات بھی کئی دنوں تک برقرار رہے ۔ تحقیق کی تفصیلات ریسرچ جرنل ‘‘سیل میٹابولزم’’ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں