ماسکو (سچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی ہم منصب آئندہ ماہ ملاقات کریں گے۔ جان بولٹن اور ولادی میر پیوٹن میں اتفاق ہو گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے ماسکو میں روسی صدر سے ملاقات کرکے انہیں اس بات سے آگاہ کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ1987 ء کے ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی کے معاہدے سے کیوں نکلنا چاہتے ہیں۔ جان بولٹن نے اپنے روسی ہم منصب، روسی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ نکولائی پیٹرو شیو سے ملاقات کی۔ملاقات میں انہوں نے کہا کہ سرد جنگ کے زمانے کے معاہدے اب حالات سے مطابقت نہیں رکھتے، درمیانے فاصلے تک مار کرنیوالے جوہری ہتھیاروں کے معاہدے، آئی این ایف پر سابق سوویت رہنما میخائل گورباچوف اور آنجہانی امریکی صدر رونلڈ ریگن نے دستخط کئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک پر زمین سے مار کرنیوالے ایسے جوہری میزائلوں کی تیاری، جانچ اور انہیں ذخیرہ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔