واشنگٹن (سچ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ گولن ہائٹس (جولان کی پہاڑیاں) کو اسرائیل کا حصہ تسلیم کرنے کا عندیہ دے دیا۔اپنے ا یک ٹویٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ 52 سال بعد اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ کو گولن ہائٹس کو مکمل طور پر خود مختار اسرائیل کا حصہ تسلیم کرلینا چاہیے۔ امریکی صدر نے کہا کہ گولن ہائٹس کی اسرائیل کیلئے تزویراتی اوردفاعی اہمیت بہت زیادہ ہے جبکہ انہیں اسرائیل کا حصہ تسلیم کرلینا خطے کے استحکام کیلئے بھی ضروری ہے۔گولن ہائٹس دریائے یرموک کے کنارے واقع شام کا 1800 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا خطہ ہے جس پر 1967 کی عرب اسرائیل جنگ میں اسرائیل نے قبضہ کرلیا تھا۔ عالمی سطح پر اس خطے کو شام کا مقبوضہ علاقہ تسلیم کیا جاتا ہے جس پر اسرائیل نے قبضہ کر رکھا ہے۔