نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ساﺅتھ افریقی کامیڈین ٹریور نواہ اپنے ہنسی سے بھرپور جملوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ پاکستان میں انہیں زیادہ شہرت اس وقت ملی جب انہوں نے عمران خان کے وزیراعظم بننے پر ان کا امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے ساتھ موازنہ کیا اور انتہائی مزاحیہ انداز میں دونوں رہنماﺅں کی زندگی کے مشابہہ پہلو گنوائے۔ اب ایک بار پھر ٹریور نوا سوشل میڈیا پر زیربحث ہیں اور اس بار انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارتی فوج کے متعلق کچھ ایسے چٹکلے چھوڑے ہیں کہ سن کر ہنسی روکنا مشکل ہو جائے۔
ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق ٹریور نوا کہتے ہیں کہ” اول تو پاکستان اور بھارت جنگ کریں گے نہیں، اور اگر ان کی جنگ ہو جاتی ہے تو یہ دنیا کی سب سے مزیدار جنگ ہو گی۔“ اس کے بعد ٹریور بالی ووڈ کے گانوں کی دھن میں بھارتی فوجیوں کے لڑنے کی اداکاری انتہائی استہزائیہ انداز میں کرتے ہیںاورکہتے ہیں کہ ”یہ جنگ دنیا کی طویل ترین جنگ ہو گی اور بھارتی فوجی ہر کچھ دیر بعد کہیں گے کہ ایک اور ڈانس نمبر ہو جائے۔“سوشل میڈیا پر ٹریور نوا کی اس نئے پروگرام کا ایک ویڈیو کلپ بہت وائرل ہو رہا ہے۔ جہاں اکثر لوگ اس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تاہم بعض کا کہنا ہے کہ ٹریور نوا کو اتنی سنگین صورتحال کو اس طرح مزاح کا رنگ نہیں دینا چاہیے تھا، کیونکہ جنگ کسی طور مذاق نہیں ہوتی۔