نیویارک(سچ نیوز) معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ بیونسے نولس نے آئیوی پارک فٹنس کلاتھ نامی برانڈ خرید لیا ہے۔آئیوی پارک برانڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال کی بات چیت کے بعد بیونسے نولس کی کمپنی پارک ووڈ نے آئیوی کے تمام حقوق اپنے نام کر لیے ہیں۔مذکورہ برانڈ دو سال قبل برطانوی بزنس ٹائیکون فلپ گرین نے لانچ کیا تھا۔ فلپ سوشل میڈیا پر چلنے والی حالیہ ہیش ٹیگ ‘می ٹو’ مہم کے دوران جنسی ہراسگی کے الزامات کی زد میں آئے تھے۔آئیوی پارک برانڈ “ایتھلیئر” ملبوسات بنانے والا معروف برانڈ تصور کیا جاتا ہے، ایتھلیئر ورک آئوٹ اور ایتھلیٹس کے لیے تیار کیے گئے مخصوص لباس کو کہتے ہیں جسے سکول، دفاتر اور باقی تقریبات کے دوران بھی پہنا جا سکتا ہے۔امریکی گلوکارہ بیونسے نولس نے معروف ریپر سنگر جے زی سے شادی کی ہے اور دونوں کی چھ سالہ بیٹی بھی ہے جس کا نام بلیو آئیوی ہے۔37 سالہ آر اینڈ بی سٹار بیونسے امریکا کے معروف گلوکاروں اور مہنگی ترین اداکارائوں میں شامل ہیں، بونسے کے مشہور گانوں میں ’بیوٹی فل لائر‘ اور ’سنگل لیڈیز‘ شامل ہیں اور ان کی اب تک سات کروڑ پچاس لاکھ سے زائد ایلبمز دنیا بھر میں فروخت ہو چکی ہیں۔گزشتہ سال معروف امریکی جریدے فوربز نے انہیں دنیا بھر میں سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والی گلوکارہ قرار دیا تھا۔