اسلام آباد: (سچ نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا او آئی سی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ خوش آئند اور معاملے پر ایوان سے مشاورت پر ان کے شکر گزار ہیں۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ترکی کے وزیر خارجہ، صدر اور دیگر عالمی رہنماوں سے بات چیت ہونا اچھی بات ہے۔ او آئی سی میں پاکستان کے دوست ممالک کھل کر ہمارے حق میں بیان دیں گے تو یہ زیادہ بہتر ہو گا۔ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں،ان کے والد بھی پاکستان کے مداح تھے۔ انھوں نے تجویز دی کہ پاکستانی موقف سے آگاہی کیلئے دوست ممالک میں پارلیمانی وفد بھیجا جائے۔
انھوں نے ایوان سے اپنے خطاب میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور اس پروگرام کومنطقی انجام تک پہنچانے کیلئے نواز شریف نے 6 ایٹمی دھماکے کر کے دشمن کے دانت کھٹے کیے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے شاہینوں، غازیوں اور شہیدوں کو ملک کا تحفظ ناقابل تسخیر بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔