اسلام آباد: (سچ نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کی ٹیم اور پاکستانی حکام کے درمیان مذاکرات میں ٹیکس اصلاحات، خسارہ کم کرنے اور ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایم ایف کے وفد سے وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے حکام کے مذاکرات ہوئے۔ حکام نے آئندہ بجٹ اور ٹیکسوں میں اضافے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔
حکام نے ٹیکس نیٹ اور محصولات کا اہداف بڑھانے کا پلان بھی پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات میں بجلی وگیس کی قیمتوں میں اضافے اور گردشی قرضے میں کمی کے لیے حکمت عملی پر بھی غور ہوا۔
آئی ایم ایف سے مذاکرات کا دوسرا دور منگل کو جبکہ مجموعی طور سات دور ہوں گے۔ پاکستان عالمی مالیاتی ادارے سے چھ سے آٹھ ارب ڈالرز کے مالیاتی پیکج کا خواہاں ہے۔