میلبرن(سچ نیوز) آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں چاقو بردار شخص کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے، پولیس نے فائرنگ کر کے حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں چاقو کے وار سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے، پولیس نے حملہ آور کے گولی مار کر زخمی کردیا، ملزم زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔حملے کے بعد پولیس نے متاثرہ علاقے کو لوگوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیا، مقامی پولیس چیف کے مطابق حملہ آور نے تین لوگوں کو چاقو کے حملے میں زخمی کیا جس میں سے ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔حملے میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ زخمی حملہ آور کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس واقعے کا بظاہر دہشت گردی سے کوئی تعلق جڑتا نظر نہیں آ رہا تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش کی جائے گی۔