اسلام آباد: (سچ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی کے حوالے سے غلط خبریں چلائی گئیں، ایسا نہیں کہ کوئی سفیر آئے اور آسیہ کو رہا کر دیا جائے.
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ آسیہ بی بی کے معاملے پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی گئی، پاکستان ایک خود مختار ملک ہے، کسی کے کہنے پر کچھ نہیں کریں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ آسیہ بی بی کے حوالے سے غلط خبریں چلائی گئیں، ایسا نہیں کہ کوئی سفیر آئے اور آسیہ کو رہا کر دیا جائے، غیر ذمہ دارانہ طریقے سے آسیہ کی بیرون ملک روانگی کی خبریں چلائی گئیں، غیر ذمہ دارانہ صحافت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کہا کہ آسیہ بی بی کیس کے فیصلے کیخلاف ریویو پیٹشن کا تعلق براہ راست حکومت سے نہیں ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) سے بنانے کا مطالبہ درست نہیں، مسلم لیگ (ن) کا مطالبہ ان کی پانچ سال کی حرکتوں کی طرح غیر اخلاقی ہے۔ نواز شریف کا حساب شہباز شریف چیک کریں، شہباز شریف کس طرح اپنے بھائی کے منصوبوں کا آڈٹ کرائیں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو اگر این آراو دیدے تو سارا ماحول ٹھیک ہو جائے گا، ان سے حساب نہ لیں تو سارا ماحول اچھا ہو جائے گا، ان کا سارا جھگڑا ہی یہ ہے کہ حکومت کیسوں پر ہاتھ ہلکا کر دے لیکن موجودہ وزیراعظم عمران خان مُک مکا کا کھیل نہیں کھیلیں گے۔