کراچی (سچ نیوز ) آسیہ بی بی کو بری کیے جانے کے خلاف کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک اور دیگر مذہبی جماعتوں کا احتجاج جاری ہے جب کہ پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے اپنے صوبوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
لاہور میں آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کی قیادت مرکزی دھرنا چیئرنگ کراس پر دیا جارہا ہے جبکہ جماعت اسلامی، جماعت اہلسنت اور سنی تحریک بھی مختلف مقامات پر احتجاج کر رہی ہیں۔
کراچی
کراچی کے مختلف علاقوں میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے باعث لیاری ایکسپریس وے کراچی اور حیدرآباد کے دونوں روٹس کو بند کردیا گیا ہے۔
کراچی میں بلدیہ ٹاؤن چار نمبر، نمائش چورنگی، شارع فیصل اسٹار گیٹ، سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر، اورنگی ٹاؤن 5 نمبر، سرجانی ٹاؤن فور کے چورنگی پر احتجاج کیا جارہا ہے۔
احتجاج کے باعث بلدیہ ٹاؤن جانے والی سڑک ٹریفک کے لیےبند ہے اور شیرشاہ سے بلدیہ جانے والی ٹریفک کولیبراسکوئرکی طرف موڑ دیا گیا ہے جب کہ مواچھ گوٹھ سےآنے والی ٹریفک کو ڈبہ موڑ کی طرف موڑ دیا گیاہے۔
تحریک لبیک کے احتجاج کے سبب ٹاور اور ایم اے جناح روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، جناح برج سے ٹریفک کوآئی آئی چندریگر روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے، ایم اے جناح روڈ جامع کلاتھ سے ٹریفک کو بابائے اردو چوک کی طرف موڑ دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث حیدرآباد سےکراچی آنے والی ٹریفک کو ابوالحسن اصفہانی روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
کراچی میں بعض تعلیمی ادارے بند
کراچی میں مختلف مقامات پر احتجاج کے باعث تعلیمی ادارے بند ہونا شروع ہوگئے جہاں جامعہ کراچی، وفاقی اردو یونیورسٹی اور سرسیدیونیوسٹی میں تدریسی عمل معطل ہوگیا۔
اس کے علاوہ شہر بھر میں کالجز، نجی اور سرکاری اسکول بھی بند ہوگئے، شہر میں احتجاج کے باعث پرائیوٹ ٹرانسپورٹ سے گھر جانے والے طلبا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف مذہبی جماعتوں کی جانب سے ہونے والے احتجاج کے پیش نظر سندھ بھر میں 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
سندھ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں 10 روز کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور 4 سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی 10 روز کے لیے پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں اسلحہ لے کر چلنے کے اجازت نامے بھی 10 روز کے لیے منسوخ کردیئے گئے۔
تاہم صحافی، پولیس اہلکار، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں، سیکیورٹی گارڈز اور رجسٹرڈ پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کے اہلکار اپنی ڈیوٹی کے اوقات کے دوران اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاج
لاہور میں بھی آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں چیئرنگ کراس پر احتجاج کیا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ ملتان روڈ پر مانگامنڈی میں جماعت اہلسنت کااحتجاج جاری ہے جب کہ چونگی امرسدھو اور داروغہ والا چوک پر بھی سنی تحریک کے کارکنان احتجاج کررہے ہیں۔
ایئرپورٹ پر فلائٹ شیڈول متاثر
لاہور میں راستوں کی بندش سے ایئرپورٹ پرفلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، بیرون اور اندرون ملک جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
لاہور سے جدہ اور دمام جانے والی پی آئی اے کی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق مسافروں کے پہنچنے پر پروازیں روانہ ہوں گی، کچھ پروازیں مسافروں کو چھوڑ کر روانہ ہوجائیں گی۔
محکمہ داخلہ نے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کردی
محکمہ محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144کے تحت صوبے بھر میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے جو 31 اکتوبر سے 10 نومبر تک نافذ العمل رہے گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت دھرنوں، جلسے جلوسوں اورریلیوں پر پابندی ہوگی۔
گوجرانوالہ میں تحریک لبیک کےکارکنان کا چندا قلعہ بائی پاس اور حیدر چوک پر احتجاج جاری ہے جب کہ بورے والا میں لاری اڈہ چوک اور گجرات میں جی ٹی ایس چوک اور جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہباز چوک اور لیہ میں فتح پور میں احتجاج کیا جارہا ہے۔
جب کہ آزاد کشمیر کے علاقے نکیال میں بھی تحریک لبیک کے کارکنان کی جانب سے آزادی چوک سے میلاد چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جارہی ہے۔
میرپور آزاد کشمیر میں تحریک لبیک کے کارکنان چوک شہیداں روڈ پر احتجاج کررہے ہیں۔
اسلام آباد کا فیض آباد انٹرچینج احتجاج کے باعث بند
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تحریک لبیک کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے جہاں فیض آباد انٹر چینج احتجاج کے باعث مکمل طور پر بند ہے جب کہ ایکسپریس وے شکریال کے پاس سے اور جی ٹی روڈ گوجرخان سے بند ہے۔
پشاور میں بھی تحریک لبیک کا احتجاج
پشاور میں بھی تحریک لبیک کے کارکنان آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جہاں رنگ روڈ جمیل چوک پر مظاہرین جمع ہیں جب کہ شباب اہلسنت کے کارکنان پریس کلب کے باہر احتجاج کررہے ہیں۔
مانسہرہ میں اہلسنت والجماعت اور سنی تحریک کی جانب سے ختم نبوت چوک پر احتجاج کیا جارہا ہے اور مظاہرین نے ایبٹ آباد روڈ دھرنا دے کر ٹریفک بلاک کردی۔
موٹر وے اور نیشنل ہائی وے کہاں کہاں بند ہے؟
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 2 اسلام آباد ٹول پلازہ تمام ٹریفک کے لیے بند ہے جب کہ بالکسر سے اسلام آباد موٹروے پر بھی ٹریفک کا داخلہ بند ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم ٹو ٹھوکر نیازبیگ، راوی ٹول پلازہ، کالا شاہ کاکو، کوٹ عبدالمالک اور شیخوپورہ انٹرچینج بھی ٹریفک کیلئے بند ہے۔
اسی طرح قومی شاہراہ یعنی نیشنل ہائی وے ترنول اور ٹیکسلا بجانب پشاور، اکوڑہ خٹک اور پنوعاقل، مندرہ، گوجرخان، سوہاوہ، دینہ، سرائے عالمگیر، کھاریاں، گجرات، چن دا قلعہ، کامونکی، مریدکے، سادھوکی پر بھی ٹریفک بند ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ مانگامنڈی، چوہنگ، مراکہ، جمبر، رینالہ خورد، چیچا وطنی، میاں چنوں، ساہیوال اور خانیوال پر بھی ٹریفک بلاک ہے۔
بلوچستان کے حوالے سے ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے کہ حب، وندر اور قلات میں بھی قومی شاہراہ پر ٹریفک بند ہے۔