ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ کی بیبو کرینہ کپور نے اپنی سوتیلی بیٹی سارہ علی خان کو ڈیٹنگ کے حوالے سے ضروری نصیحت کی ہے۔کرینہ کپور نے اپنی سہیلی امرتا اروڈا کے ساتھ بھارتی ٹی وی کے پروگرام ”سٹاری نائٹس 2 پوائنٹ اوہ“ میں شرکت کی۔ پروگرام کے دوران ایک مرحلے پر امرتا نے کرینہ سے سوالات کیے۔ امرتا نے سوال پوچھا کہ آپ سارہ کو ڈیٹنگ کے حوالے سے کیا نصیحت کرنا چاہیں گی؟ ۔ کرینہ کپور نے سارہ علی خان کو نصیحت کی کہ اپنے پہلے ہیرو کو کبھی ڈیٹ نہ کرنا ۔ سارہ کو یہ مشورہ دیتے ہوئے جس قسم کے تاثرات کرینہ کے چہرے پر نظر آئے اس سے یہی محسوس ہوا کہ شاید ان کا بھی ماضی میں اس قسم کا تجربہ ناکام ہوا ہوگا۔
خیال رہے کہ سارہ علی خان نے اپنی ڈیبیو فلم سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ کی تھی۔ بھارتی میڈیا میں دونوں کے معاشقے کے چرچے ہورہے ہیں ۔ اس معاشقے کی افواہوں کو تقویت اس وقت ملی جب سارہ علی خان ڈیرہ دھوں میں اپنی فلم کی شوٹنگ چھوڑ کر سشانت کی سالگرہ کی تقریب میں پہنچ گئی تھیں۔پروگرام کے دوران کرینہ کپور سے ان کے شوہر سیف علی خان کی بری عادت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ سیف کو ہر وقت پاﺅں دبوانے کا شوق چڑھا رہتا ہے۔ چاہے جہاز میں ہوں یا ایئر پورٹ کے لاﺅنج میں بیٹھے ہوں، سیف لیٹ جاتے ہیں اور کہتے ہیں ’ ارے یار ، میرا یہاں سے پاﺅں تو دبادو‘۔