نیویارک(سچ نیوز) کسی راہ چلتے مسافر کا کسی دوسرے کی گاڑی کے نیچے آ جانا تو سمجھ آتا ہے لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ امریکہ میں ایک خاتون اپنی گاڑی پارک کرتے ہوئے خود ہی اس کے نیچے آ گئی اور ٹانگ تڑوا بیٹھی۔ ویب سائٹ mlive.com کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست مشی گن کے شہر جیکسن میں پیش آیا جہاں خاتون نے ایک کلینک کے باہر گاڑی پارک کی لیکن شاید گاڑی کی ہینڈبریک لگانا بھول گئی۔
رپورٹ کے مطابق جونہی خاتون گاڑی سے باہر نکلی، گاڑی نے ڈھلوان سطح ہونے کے باعث پیچھے کی طرف چلنا شروع کر دیا۔ خاتون نے بھاگ کر پیچھے سے گاڑی کو دھکا لگا کر روکنے کی کوشش کی، تاہم وہ توازن کھو کر گرگئی اور گاڑی اس کی ٹانگ کے اوپر سے گزر گئی۔ پولیس کے مطابق خاتون کو ہنری فورڈ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔