اسلام آباد: (سچ نیوز ) فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو دن میں تارے اور رات کو طیارے نظر آتے ہیں، اپوزیشن والے کہتے ہیں این آر او، ہم کہتے ہیں نہ رو۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا غیر قانونی بھرتیاں کر کے قومی خزانے کو تباہ کر دیا گیا، نواز شریف کا سیاسی مستقبل ختم ہوگیا۔ انہوں نے کہا مولانا 88ء سے کشمیر کمیٹی پر قابض ہیں، کبھی ایک مذمتی بیان نہیں دیا، مولانا کے بزرگ پاکستان بنانے کے موقع پر بھی برٹش راج کیساتھ کھڑے تھے، اپوزیشن کے پاس سیاسی لیڈرشپ ہے، نہ ہی نظریہ، دنوں میں ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔
قبل ازیں فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بیوروکریٹس سے حکومت چلانا ناقابل قبول ہے، تعلیمی اداروں میں منشیات بک رہی تھی، شہریار آفریدی نے بھی وزیراعظم سے آئی جی اسلام آباد کی شکایت کی تھی۔ انہوں نے کہا یہ کیسے ہو سکتا ہے کوئی آئی جی وفاقی وزیر کا ٹیلیفون نہ اٹھائے ؟ آئی جی اسلام آباد کوئی کارروائی نہیں کر رہے، چیف ایگزیکٹو آئی جی نہیں، وزیراعظم ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم آئی جی کو معطل نہیں کر سکتا تو پھر الیکشن کا کیا فائدہ ؟ آئی جی نے فون نہیں سننا تو پھر بیوروکریٹس کی حکومت قائم کر دیں، بیورو کریسی حکومتی پالیسی پر عملدرآمد نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا عمران خان کا گھر قانون کے تحت بنا، اے پی سی این آر او کیلئے ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ ٹل چکا ہے، سٹیزن پورٹل میں ایک لاکھ سے زائد شکایات آئی۔