ماسکو(سچ نیوز) اسلام دنیا کاتیزی سے فروغ پانے والا مذہب ہے، جس کے ماننے والوں کی تعداد ہر سال تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ اب روس کے مفتی اعظم نے بھی اس حوالے سے چشم کشا پیش گوئی کر دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق روس کی مفتی کونسل کے سربراہ راویل عین الدین نے کہا ہے کہ 15 سال بعد روس کی ایک تہائی آبادی مسلمان ہو جائے گی۔ دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے عین الدین نے مزید کہا کہ”روس میں مسلمانوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ مشرف بہ اسلام ہونے والے روسیوں کی تعداد میں اضافے سے روس کا مسلم طبقہ اسلام کی خدمت میں زیادہ اہمیت حاصل کر جائے گا۔“مفتی عین الدین کا مزید کہنا تھا کہ” گزشتہ عید الاضحی کے موقع پر صرف ماسکو کی مساجد میں نمازیوں کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد تھی جو کہ ایک ریکارڈہے۔ مساجد میں نمازیوں کی تعداد میں اضافہ ملک میں مسلمانوں کی تعداد میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے اور عیدین کی نمازوں میں شرکت کرنے والوں کی تعداد ہر سال گزشتہ سال کے مقابلے میں بڑھ رہی ہے۔“ راویل عین الدین کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسلمانوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر روس کے بڑے شہروں میں موزوں ثقافتی اور تعلیمی انفراسٹرکچر کی حامل درجنوں نئی مساجد کی ضرورت ہے۔