ایڈس ابابا(سچ نیوز)ایتھوپین ایئر لائن کا طیارہ گزشتہ صبح گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں مجموعی طور پر 149 مسافر سوار تھے اور جہاز عملے کے 7 اراکین بھی طیارے میں موجود تھے تاہم تمام افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ۔بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایئر لائن حکام کا کہناتھا کہ ایک شخص کے پاس اقوام متحدہ کا پاسپورٹ موجود تھا اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کچھ مسافر نیروبی میں اقوام متحدہ کی ماحولیات کی اسمبلی کے ہونے والے اجلاس میں شرکت کیلئے جارہے تھے ۔بی بی سی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے ” ایجنس فرانس پریس “ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں میں کم از کم ایک درجن لوگ ایسے تھے جن کا تعلق اقوام متحدہ سے تھا اور جو کہ ممکنہ طور پر فری لانسر مترجم تھے ۔ایتھوپین ایئر لائن کے تباہ ہونے والے طیارے میں امریکی شہریوں سمیت دنیا کے مختلف تیس ممالک کے باشندے سوار تھے ۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ طیارے میں ہوا میں ہی آگ لگ چکی تھی اور جیسے ہی وہ زمین پر گرا تو زو دار دھماکہ ہوا تاہم آگ اتنی زیادہ شدید تھی کہ طیارے کے ملبے کے قریب جانابھی ممکن نہیں تھا ۔