اسلام آباد (سچ نیوز)گزشتہ صبح ایتھوپیا کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں 149 مسافرسوار تھے تاہم انتہائی افسوسناک بات یہ ہے کہ طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہو گئے ہیں اور اس حادثے نے پوری دنیا کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے ۔بی بی سی کے مطابق جہاز کے تباہ ہونے کی وجوہات اب تک سامنے نہیں آ سکی ہیں تاہم پائلٹ نے پرواز میں مشکلات کا اظہا ر کیا تھا اور ایڈس ابابا ایئر پورٹ واپس آنے کیلئے اجازت طلب کی تھی ۔ایتھوپیا ایئر لائنز کے سی ای او نے کہاہے کہ اس مقام پر ہم ابھی کوئی بھی نتیجہ اخذ نہیں کر سکتے ہیں تاہم تحقیقات کے بعد ہی کوئی وجہ سامنے آ سکے گی اور اس کیلئے ہمیں بین الاقوامی قوانین کو فالو کرنا ہوگا ۔بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بظاہر تو حد نگاہ بہتر تھی تاہم ” فلائٹ ریڈار 24“ نے کہا ہے کہ ” جہاز کی پرواز بھرنے کے بعد اوپر جانے کی رفتار غیر مستحکم تھی ۔“برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق عینی شاہد کا کہناہے کہ جیسے ہی طیارہ زمین پر گرا تو بڑے پیمانے پر اس میں آگ پھیل گئی اور اس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کوئی اس کے نزیدک بھی نہیں جا سکتا تھا ۔یہ طیارہ ایتھوپیا کی ایئر لائن کو گزشتہ سال 15 نومبر کو فراہم کیا گیا تھا ۔