تہران(سچ نیوز)ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ ملکی ساختہ جیٹ طیاروں کی پروڈکشن میں غیرمعمولی اضافہ کر دیا گیا ہے تاہم ایرانی ساختہ جیٹ طیارے’’ کوثر‘‘ کی وسیع پیمانے پر پروڈکشن کی وجہ بیان نہیں کی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے کہاکہ جلد ہی یہ جنگی طیارے ایرانی فضائی فوج کے کنٹرول میں دیدئیے جائیں گے۔ امیر حاتمی نے ہی کوثر نامی جیٹ طیارے کی پروڈکشن کے پروجیکٹ کا افتتاح کیا ہے۔ ایرانی فوج میں جنگی طیاروں کا اضافہ ایسے وقت میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب امریکہ کی ایرانی خام تیل کی ایکسپورٹ پر پابندی 5 نومبر سے عائد ہونے والی ہے۔یاد رہے کہ حال ہی میں معروف ایرانی خبر رساں ایجنسی ’’تسنیم‘‘ نے دعوی کیا تھا کہ ایرانی طیارہ ’’کوثر‘‘ دراصل امریکی لڑاکا طیارے ’’ایف-5‘‘ کا ترمیم شدہ ورژن ہے جس کو وزارت دفاع کے ماہرین کے ہاتھوں جدید بنایا گیا ہے۔خبر رساں ایجنسی نے دعوی کیا تھا کہ امریکی لڑاکا طیارے میں کی جانے والی اہم ترین تبدیلی یہ ہے کہ اسے (ٹربو جیٹ) انجن سے لیس کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایرانی طیارہ 50 ہزار فٹ کی بلندی تک جا سکتا ہے،اس کے علاوہ لڑاکا طیارے کی سکرینوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے تبدیل کیا گیا ہے۔