جدہ(سچ نیوز) بالی ووڈ اداکار سلمان خان ان دنوں سعودی عرب میں مقیم ہیں، جہاں وہ سعودی فلم فیسٹیول میں شرکت کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز ان کی اپنے مداحوں سے ملاقات کا اہتمام کیا گیا جس میں ان کے مداحوں نے ان سے سوالات پوچھے۔ ایک شخص نے ان کو اپنے مداحوں کو کوئی بھی پیغام دینے کو کہا تو انہوں نے ایسا جواب دیا کہ ہر کوئی ہنسنے پر مجبور ہو گیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سلمان خان نے کہا کہ ”میں اپنے مداحوں کی بہت قدر کرتا ہوں۔ میں ایسے مداحوں کی بہت قدر کرتا ہوں جو سنیما گھر جا کر میری فلمیں دیکھتے ہیں، ایسے تمام مداحوں کو میں بہت پسند کرتا ہوں مگر جو لوگ میری فلم ٹورینٹ یا چوری شدہ فلموں کی حامل ڈی وی ڈیز پر دیکھتے ہیں وہ میرے مداح نہیں ہے، وہ شاہ رخ خان کے مداح ہیں کیونکہ ان کے مداح ہی ٹورینٹ یا ڈی وی ڈیز پر چوری کی فلمیں دیکھتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سلمان خان اور شاہ رخ خان کی دوستی بہت پرانی ہے۔ ایسی بہت سی افواہیں بھی گردش میں رہتی ہیں کہ ان کے مابین کسی طرح کی مخاصمت پائی جاتی ہے جو کہ غلط ہیں۔ حقیقت میں ان کی دوستی، دوستی سے کچھ بڑھ کرہے۔ اس تقریب میں ایک مداح نے سلمان خان سے پوچھا کہ بالی ووڈ میں ان کی پسندیدہ اداکارہ کون ہے تو سلمان خان نے کترینہ کیف کا نام لیا جو ان کی آئندہ فلم ’بھارت‘ میں بھی جلوہ گر ہو رہی ہیں۔