مظفر آباد: (سچ نیوز ) بھارتی فورسز کی جانب سے آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے وادئ لیپا میں کی جانے والی شیلنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ بھارت کی بلا اشتعال شیلنگ سے جاں بحق ہونے والے لڑکے کی شناخت 18 سالہ ہارون ولد راشد کے نام سے ہوئی۔
ہٹیاں بالا کے ڈپٹی کمشنر عمران شاہین نے ڈان کو بتایا کہ بھارت کی جانب سے شیلنگ کا سلسلہ شام 4 بجے شروع ہوا اور کئی گھنٹے تک جاری رہا۔
انہوں نے بتایا کہ تاریکی اور ناقص مواصلاتی نظام کے باعث مزید مالی اور جانی نقصان کے بارے میں وثوق سے نہیں کہا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی شیلنگ رکنے کے بعد ہی نقصان سے متعلق تفصیلات موصول ہوں گی۔
وادئ لیپا میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر نے بتایا کہ شیلنگ بہت زیادہ تھی جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے اپنے گھروں سے ساتھ تعمیر بنکرز اور خندق میں پناہ لی اور ہم ان سے رابطہ بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
شوکت جاوید نے بتایا کہ صبح کے اوقات میں ایک گھنٹہ شیلنگ رہی جو صرف پوسٹ سے پوسٹ تک محدود تھی۔
واضح رہے کہ وادئ لیپا میں بھارتی شیلنگ سے رواں برس فروری میں ایک نوعمر لڑکا شدید زخمی ہو گیا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ برس 24 اکتوبر کو اسی علاقے میں بھارتی فورسز کی شیلنگ سے ایک خاتون اور ایک نو عمر لڑکی جاں بحق اور 6 شہری زخمی ہو گئے تھے۔
اس کے علاوہ اسی علاقے میں 21 جولائی کو ایک نوعمر بچہ جاں بحق اور اس کے خاندان کے 3 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
گزشتہ برس ہھی 8 جون کو ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھارتی فورسز کی شیلنگ سے زخمی ہو گئے تھے۔