ہوسٹن(سچ نیوز ) امریکی شہر ہوسٹن کے قریب ایمیزون ڈاٹ کام کا کارگو طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا جس میں سوار تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی شہر ہوسٹن کے قریب گر کر تباہ ہونے والا کارگو طیارہ میامی سے ہوسٹن جا رہا تھا جس میں معروف آن لائن خریداری کی ویب سائٹ ایمیزون ڈاٹ کام کا سامان موجود تھے۔حادثے کا شکار ہونے والے بوئنگ 767 طیارے میں موجود سامان میں خواتین کے کپڑے، بیڈ شیٹس، کارڈ بورڈ کے ڈبے اور فائبر گلاس بڑی تعداد میں موجود تھا۔فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق اٹلس ائر کی پرواز 3591 کا جارج بس انٹر کانٹینینٹل ائرپورٹ کے ریڈار سے اچانک رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔امریکی تحقیقاتی ادارے کے مطابق طیارے میں تین افراد سوار تھے جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا۔ طیارہ حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہیں تاہم تحقیقاتی اداروں کی جانب سے وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔