ممبئی ( سچ نیوز )بالی ووڈ منشیات کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں گزشتہ روز این سی بی آفس طلب کیے جانے والے بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ارجن رامپال کا کہنا ہے کہ ان کا منشیات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ منشیات کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے گزشتہ روز تفتیش کے لیے بھارتی اداکار ارجن رامپال کو ممبئی اپنے آفس طلب کیا تھا جہاں سات گھنٹے تک ارجن رامپال سے پوچھ گچھ کی گئی۔
این سی بی آفس سے باہر آنے کے بعد ارجن رامپال نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا منشیات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، میری رہائش گاہ سے منشیات تیار کرنے کے کچھ نسخے ملے تھے جو میں نے این سی بی کے عہدیداروں کے حوالے کردیے ہیں۔ارجن رامپال نے کہا کہ میں تحقیقات میں بھرپور تعاون کر رہا ہوں جبکہ این سی بی کے عہدیدار اچھا کام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب این سی بی کے ایک عہدیدار نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ارجن رامپال کے دوست پال بارٹل، جو ایک غیر ملکی شہری ہیں، ا±ن کو جمعرات کے روز پوچھ گچھ کے بعد منشیات میں ملوث ہونے پر گرفتار کرلیا گیا۔خیال رہے کہ پیر کے روز نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ارجن رامپال کے گھر چھاپہ مارا گیا تھا جس کے بعد ان کے گھر کی تلاشی لی گئی جس کے بعد این سی بی نے ارجن رامپال اور ان کی گرل فرینڈ گیبریلا ڈیمٹریڈس کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔
ارجن رامپال سے قبل بالی وڈ کے پروڈیوسر فیروز کی اہلیہ کو گرفتار کیا گیا تھا کیونکہ انسداد منشیات ایجنسی کے چھاپے کے دوران ان کے گھر سے مبینہ طور پر 10 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔واضح رہے کہ رواں سال جون میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے بالی وڈ میں منشیات کے مبینہ استعمال کی تحقیقات کا آغاز کیا۔