اسلام آباد: (سچ نیوز ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی کی قیمتوں میں دس سے پندرہ فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔ تین سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ زرعی شعبے کے لیے بھی بجلی کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی۔
مہنگائی کے مارے عوام کو بجلی کا جھٹکا، ای سی سی نے منظوری دے دی، بجلی کی قیمتوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی منظوری، نئے سلیب متعارف کروانے کا فیصلہ، 300 یونٹ تک بجلی کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا، زرعی شعبے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیرِ خزانہ اسد عمر کے زیرِ صدارت ہوا جس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق امیر طبقے کے لیے بجلی زیادہ مہنگی جبکہ برآمدی شعبہ کو سہولت دی گئی ہے۔
300 سے 700 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے قیمتوں میں 10 فیصد جبکہ 700 سے زائد یونٹ پر 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ زرعی شعبے کے لیے بجلی کے نرخ میں 5 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی نے بجلی صارفین کو 179 ارب روپے کی سبسڈی دینے کی بھی منظوری دی۔ تمام فیصلوں کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔