واشنگٹن( سچ نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے انتخابات میں اپنی شکست کو بھانپتے ہوئے ایسی بات کہہ ڈالی کہ ٹی وی چینلز نے ان کی گفتگو کا وہ حصہ ہی کاٹ دیا۔ میل آن لائن کے مطابق صدر ٹرمپ نے ریاست جارجیا میں اپنے حریف جوبائیڈن سے شکست کھانے کے بعد امریکی جمہوریت پر ہی سوال اٹھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ان کے خلاف بہت بڑی سازش ہو رہی ہے۔ اس سازش میں بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں، سرمایہ دار، میڈیا، سوشل میڈیا، انتخابی عملہ اور ڈیموکریٹس شامل ہیں اور دھاندلی کے ذریعے انہیں شکست دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ ٹی وی چینلز نے صدر ڈونلڈٹرمپ کی گفتگو کا یہ حصہ نشر کرنے سے انکار کر دیا اور اسے حذف کر ڈالا۔ صدر ٹرمپ کے مدمقابل صدارتی امیدوار نے ریاست جارجیا میں 917ووٹوں سے انہیں شکست دی ہے اور ان سے قدرے آگے نکل گئے ہیں۔ اس وقت تک جوبائیڈن 50.6فیصد(15لاکھ 28ہزار319ووٹ)لے کر آگے ہیں۔ ان کے مقابلے میں اس وقت صدر ٹرمپ 14لاکھ 82ہزار 62ووٹ (48.54فیصد)پر کھڑے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اگر جوبائیڈن امریکی ریاستوں نیواڈا اور ایریزونا میں سے کسی ایک میں صدر ٹرمپ کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ امریکہ کے اگلے صدر منتخب ہو جائیں گے۔