لندن (سچ نیوز)برطانوی حکومت نے شامی صدر بشارالاسد کے قریبی رشتے داروں کو شہریت دینے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ اگر ایسا کیا جاتا ہے تو اس سے برطانیہ کے بشار الاسد کے خونیں نظام کے خلاف موقف کو نقصان پہنچے گا۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق شامی صدر کی چچی اور 3 کزنوں نے سیکرٹ امیگریشن ٹرائبیونل کے شہریت کی منظوری نہ دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی لیکن اس کو برطانیہ کے سپیشل امیگریشن اپیل کمیشن نے مسترد کردیا ۔اخبار کے مطابق کمیشن کے ججوں نے تسلیم کیا کہ وہ یہ بات نہیں جانتے کہ درخواست گزار شامی آمر کے کتنے قریبی رشتے دار ہیں لیکن ان کی ترجیح وہ نقصان تھا جو انھیں شہریت دینے کی صورت میں برطانیہ کے تشخص کو پہنچ سکتا تھا۔درخواست گزارو ں میں بشارالاسد کے چچا رفعت الاسد کی ایک بیوی اور ان کے دو بیٹے بھی شامل تھے، وہ ایک عشرے سے زیادہ عرصے سے برطانیہ میں رہ رہے ہیں لیکن ان کی برطانوی شہریت کے حصول کے لیے دائرکردہ درخواستوں کو مسترد کردیا گیا ہے۔