وزیر ریلوے شیخ رشید نے پاکستان اور چین کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے اور چین کے درمیان ایم ایل ون کا معاہدہ طے پا گیا، معاہدے کے تحت ایم ایل ون منصوبہ پانچ سال میں مکمل ہو گا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے سیاسی مخالفین پر خوب نشتر چلائے، کہتے ہیں کہ فالودے والے کے اکاؤنٹ سے پیسے نکلنا سیریس معاملہ ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی سیاسی موت کے دہانے پر کھڑے ہیں، مارچ تک کئی سیاسی چہرے دکھائی نہیں دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف مریم نواز کی سیاست بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ زرداری بلاول کی سیاست لے ڈوبیں گے۔
وزیر ریلوے کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان نے ٹرمپ کو جواب دے کر عوامی جذبات کی ترجمانی کی، یوٹرن کا راگ نہ الاپیں، وزیر اعظم عمران خان نے ملکی معیشت کو بحران سے نکالنے کے لیے حقیقی محنت کی ہے۔