نئی دہلی(سچ نیوز) کسی بھی ملک کی فوج سرحدوں کی نگہبانی کے لیے ہوتی ہے لیکن بھارتی آرمی چیف پر اپنے ہی ملک میں بم دھماکہ کروانے کا الزام لگ گیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی آرمی چیف جنرل بپن روات پر یہ سنگین ترین الزام عام آدمی پارٹی کے لیڈر ایچ ایس پھولکا نے عائد کیا۔ گزشتہ دنوں امرتسر میں نیرن کاری بھون پر ایک بم حملہ ہوا جس کے بارے میں ایچ ایس پھولکا نے کہا کہ یہ دھماکہ خود بپن روات نے کروایا ہے۔ اس دھماکے میں تین لوگ ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔رپورٹ کے مطابق یہ الزام عائد کرنے کے بعد جب انتہاءپسند ہندوﺅں نے ایچ ایس پھولکا کو دھمکیاں دینی شروع کیں اور احتجاج شروع ہوا تو خوفزدہ ہو کر انہوں نے اپنا بیان واپس لے لیا اور اس پر معذرت کر لی۔ اپنے اگلے بیان میں انہوں نے کہا کہ ”میرے بیان کا مقصد یہ تھا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ماضی میں بھی حکومتیں اپنے مفادات کے لیے پرتشدد واقعات رونما کرواتی رہی ہیں۔ میرا بیان آرمی چیف کے خلاف نہیں تھا اور میں اس پر معذرت خواہ ہوں۔“