بیجنگ(سچ نیوز)بالاکوٹ میں ہندوستانی جارحیت کے بعد برادر ملک چین بھی میدان میں آ گیا ،پاکستان اور بھارت سے احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کر دی ۔نجی ٹی وی کے مطابق چین کے وزیر خارجہ کے ترجمان لو کینگ نے بھارتی طیاروں کی پاکستانی حدود میں دراندازی اور اس کے جواب میں پاکستان فضائیہ کی فوری کارروائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان اور بھارت احتیاط برتیں گے اور اس طرح کی کوشش کریں گے کہ اس خطے میں اصلاح ہو اور باہمی تعلقات بہتر بنیں۔ترجمان نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ بھارت اور پاکستان وہ اقدامات کریں گے جس سے خطے میں استحکام اور دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔واضح رہے کہ بھارتی ایئر فورس کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی گئی جسے پاک فضائیہ نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔دوسری طرف ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت انتظار کرے، اس جارحیت کا جواب ضرور دیا جائے گا، بھارت کے جھوٹ کا جواب سچ سے دیں گے ، بھارت کو مختلف انداز سے جواب دے کر سرپرائز دیں گے، بھارت کو سفارتی ،ملٹری سمیت ہر محاذ پر جواب دیاجائے گا۔