نئی دلی (سچ نیوز) بھارتی پنجاب کے وزیر اور انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کے عمران خان کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کے اعلان پر اپنے رد عمل میں کہا کہ ہر اچھا قدم اپنا راستہ خود بناتا ہے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت اٹھایا گیا قدم ایک ارب لوگوں کیلئے خوشی کا پیالہ ہے، اور ایک قوم خوشی سے باغ باغ ہوئی ہے۔ مجھے ونگ کمانڈر ابھی نندن کے والدین اور اس کے اہلخانہ کیلئے بہت زیادہ خوشی ہے۔خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے خطاب میں زیر حراست بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتھامن کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔