ٹوکیو(سچ نیوز )جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے جاپان کے دورے پر گئے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نرندرمودی کے ساتھ 12ویں جاپان بھارت سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔دونوں فریقین نے سلامتی اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔اجلاس کے بعد جاری کردہ مشترکہ بیان کے مطابق دونوں ممالک کے رہنماؤں نے ڈپلومیسی اور قومی دفاع کے لئے ٹو پلس ٹو ( "2 228 2”) کے نام سے وزارتی سطح کی مشاورت کانظام قائم کرنے اور ایک دوسرے کو سازو سامان اور خدمات کی فراہمی کے معاہدے پر بات چیت کے آغاز کا فیصلہ کیا۔اس کے علاوہ فریقین دفاعی صنعت اور متعلقہ حکومتی اداروں کے درمیان تبادلوں کو فروغ دیں گے،خود کار گاڑیوں اور روبوٹکس انجینئرنگ سمیت دفاعی سازوسامان اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مشترکہ تحقیق اور ترقی کو فروغ دیں گے۔اقتصادی تعاون کے لحاظ سے جاپان نے مغربی بھارت کے ہائی سپیڈ ریل پروجیکٹ اور شمال مشرقی بھارت کے پل کی تعمیر کے لئے 3کھرب 10ارب جاپانی ین کا قرضہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ دونوں طرف سے مصنوعی انٹیلی جنس کی بنیاد پر جدید ٹیکنالوجی کو مشترکہ طور پر تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ جاپانی کمپنیوں میں کام کرنے کے لئے بھارتی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے باصلاحیت افراد کو روزگار کے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل شعبے میں تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا ۔