نئی دہلی(سچ نیوز) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ایئرپورٹ پر افغان طیارے کے کپتان نے غلطی سے ’ہائی جیک الرٹ‘ جاری کردیا جس کے بعد حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایری آنا افغان ایئرلائن کا طیارہ قندھار روانگی کے لیے ایئرپورٹ کے رن وے پر ٹیکسی کررہا تھا کہ اس دوران کپتان نے غلطی سے ’ہائی جیک الرٹ‘ بھیج دیا جس پر کنٹرول ٹاور نے طیارے کو اڑان بھرنے سے روک دیا اور ہنگامی طور پر سیکیورٹی اہل کاروں نے جہاز کو گھیرے میں لے لیا۔طیارے میں 124 مسافر اور عملے کے 9 ارکان شامل تھے جنہیں اتار دیا گیا اور طیارے کو فوری طور پر گراؤنڈ کرکے تلاشی لی گئی۔ بعدازاں کپتان نے حکام کو بتایا کہ وہ اپنے ساتھی پائلٹ کو ’ہائی جیک الرٹ‘ سے متعلق سمجھا رہے تھے کہ اس دوران غلطی سے الرٹ جاری ہوگیا۔پائلٹ نے غلطی سے متعلق تحریری وضاحت پیش کردی ہے اور طیارے کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔