نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت نے خلائی سپرپاورز ممالک میں شامل ہونے کے لیے جذباتی ہو کر خلاءمیں گند ڈال کر پوری دنیا کو پریشان کر دیا ہے۔ فرانس 24کے مطابق بھارت نے چند دن قبل نچلے مدار میں ایک سیٹلائٹ کو میزائل سے نشانہ بنانے کا تجربہ کیا جس سے سیٹلائٹ کے ٹکڑے خلاءمیں بکھر گئے ہیں۔ اس تجربے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ”ہمارے سائنسدانوں نے مدار میں نچلی سطح پر ایک سیٹلائٹ کو مار گرایا ہے۔ یہ بھارت کے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ اس نے اپنا نام خلائی سپرطاقتوں میں شامل کروا لیا ہے۔“تاہم عالمی خلائی ماہرین بھارت کے اس تجربے پر شدید تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔یونیورسٹی آف نیبراسکا لنکن میں سپیس لاءکے پروفیسر فرانس وون ڈیر ڈنک کا کہنا تھا کہ ”بدقسمتی سے ایسا کوئی بین الاقوامی قانون نہیں ہے جو مختلف ممالک کو اینٹی سیٹلائٹ میزائل کے تجربات کرنے اور خلاءمیں اس طرح کچرا پھیلانے سے روک سکے۔ تاہم اس حوالے سے 1967ءکا آﺅٹر سپیس معاہدہ موجود ہے جس میں ہر ملک صرف اتنا پابند کرتا ہے کہ وہ ایسا کوئی تجربہ کرنے سے پہلے باقی ممالک کو آگاہ کرے گا۔ بھارت نے اپنے تجربے میں اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور تجربہ کرنے سے پہلے کسی ملک کو آگاہ نہیں کیا۔“واضح رہے کہ اس سے قبل صرف تین ملک امریکہ، روس اور چین اس نوعیت کے تجربات کر چکے ہیں۔