نئی دلی (سچ نیوز) پاکستان اور بھارت میں حالیہ کشیدگی کے حوالے سے بھارتی مسلح افواج کے نمائندوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں وہ صحافیوں کو پاکستان کے خلاف کارروائی کے شواہد فراہم کرنے میں ناکام رہے۔بھارت کی تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے نئی دلی میں پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس پریس کانفرنس میں بھارتی فضائیہ کے ایئر وائس مارشل اے وی ایم کپور، بھارتی آرمی کے میجر جنرل سریندر سنگھ بہل اور بھارتی بحریہ کے ریئر ایڈمرل دلبیر سنگھ گجرال پاکستان میں اپنی کارروائی کے شواہد فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے۔ایک صحافی نے جب پاکستان میں کارروائی اور اس میں دہشتگردوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے سوال پوچھا تو بھارتی ایئر وائس مارشل نے کہا کہ انہوں نے کارروائی میں اپنا ٹارگٹ حاصل کرلیا لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ پاکستان میں کیمپ میں کتنی ہلاکتیں ہوئی ہیں ؟ ۔’ہمارے پاس شواہد موجود ہیں کہ جس ٹارگٹ کو ہٹ کرنا چاہتے تھے اس کو ہٹ کیا ہے، یہ حکومت اور ہائی کمانڈ کے اوپر ہے کہ کس طرح اور کب یہ شواہد پیش کرنے ہیں‘۔