بیجنگ (سچ نیوز) بھارت کے خلاف کامیاب کارروائی کی اطلاع ملتے ہی جے ایف 17 تھنڈر طیارے بنانے والی کمپنی کے شیئرز کی قیمتوں میں ناقابل یقین حد تک اضافہ ہوگیا۔ساﺅتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق 27 فروری کو پاکستان کی جانب سے بھارتی فضائیہ کا مگ 21 طیارہ مارگرایا گیا۔ جب یہ کارروائی ہوئی اس کے تھوڑی ہی دیر بعد پاکستانی فضائیہ کے سابق ایئر مارشل شاہد لطیف نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ پاک فوج نے اس کارروائی میں جے ایف 17 تھنڈر طیارے استعمال کیے ہیں۔اس کارروائی کے لگ بھگ 2 گھنٹے بعد چین کی سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کا آغاز ہوا۔ کاروبار کا آغاز ہوتے ہی جے ایف 17 بنانے والی کمپنی چینگڈو ایئر کرافٹ (CAC)کارپوریشن کی سسٹر کمپنی سیچوان چینگ فی انٹیگریشن ٹیکنالوجی (CAC-SCIT) جو شین ژین سٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ ہے ، کے شیئرز کی قیمت میں صرف 5 منٹ کے اندر 10 فیصد تک کا اضافہ ہوگیا۔ خیال رہے کہ شیئرز کی قیمت میں مزید بھی اضافہ ہوسکتا تھا لیکن چین کی سٹاک مارکیٹ میں 10 فیصد سے زائد اضافے کی اجازت نہیں ہے۔ جمعرات کو بھی CAC-SCIT کے شیئرز کی قیمت میں 10 فیصد کا اضافہ ہوا۔ چین کے معاشی تجزیہ کاروں نے امید ظاہر کی ہے کہ جے ایف 17 بنانے والی کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں مزید بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔خیال رہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے چین کی CAC اور پاکستان ایئرو ناٹیکل کمپلیکس نے مشترکہ طور پر تیار کیے ہیں۔ یہ طیارے 27 فروری سے پہلے تک جنگی مشقوں یا مظاہروں میں تو استعمال ہوئے ہیں لیکن ایسا پہلی بار ہوا جب ان طیاروں نے براہ راست جنگی میدان میں حصہ لیا اور مخالف طیارہ ڈھیر کیا۔