نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت کے دوسرے امیر ترین آدمی نے ساڑھے 7ارب ڈالر (تقریباً 10کھرب 44ارب 37کروڑ روپے)عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سی این این کے مطابق عظیم پریم جی ’ویپرو‘ (Wipro)کے چیئرمین ہیں جنہوں نے اپنی ٹیک کمپنی کے ساڑھے سات ارب ڈالر کے حصص اپنی فلاحی فاﺅنڈیشن ’عظیم پریم جی فاﺅنڈیشن‘ کو دینے کا اعلان کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق عظیم پریم جی اب تک اپنی اس فاﺅنڈیشن کو 21ارب ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کر چکے ہیں، جن میں ویپرو کے 67فیصد حصص بھی شامل ہیں۔ بلومبرگ بلینئرز انڈیکس کے مطابق 73سالہ عظیم پریم جی کے اثاثے 18ارب ڈالر سے زائد ہیں۔وہ اپنے فلاحی کاموں کی وجہ سے بہت شہرت رکھتے ہیں۔ وارن بفے نے بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس کے ساتھ مل کر ایک فلاحی مہم ’گیونگ پلیج‘ (Giving Pledge)چلائی تھی جس میں بھاری رقم عطیہ کرنے والے پہلے بھارتی شہری عظیم پریم جی تھے۔2018ءمیں بھارت کے امیر ترین افراد نے 1ارب 40کروڑ ڈالر کی رقم فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کی جس میں عظیم پریم جی کا حصہ 80فیصد سے زائد تھا۔ واضح رہے کہ عظیم پریم جی نے 1945ءمیں ویپرو کی بنیاد رکھی تھی۔ اس وقت یہ کمپنی سبزیوں کا تیل نکال کر فروخت کرتی تھی تاہم 1980ءمیں عظیم پریم جی نے اسے ٹیکنالوجی انڈسٹری میں تبدیل کر دیا جو آج دنیا کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں میں سے ایک ہے،جس کے دنیا بھر میں 1لاکھ 60ہزار سے زائد ملازمین ہیں۔