ممبئی(سچ نیوز )بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور سلطان سلمان خان پہلی بار ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔شاہ رخ اورسلمان خان کے مداح چاہتے ہیں کہ بالی ووڈ کے بڑے ہدایتکارسنجے لیلا بھنسالی کی فلم میں دونوں سپر سٹارز ایک ساتھ نظر آئیں اوراب مداحوں کا یہ خواب پورا بھی ہونے والا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایت کارسنجے لیلا بھنسالی نے شاہ رخ خان اورسلمان خان کو اپنی اگلی فلم میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہدایت کارسنجے لیلا بھنسالی اپنے اگلے پراجیکٹ میں کنگ خان اوردبنگ خان کوکاسٹ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، فلم میں دونوں کا کردارمرکزی ہوگا۔ فلم کی کہانی 1991 میں ریلیز ہوئی دلیپ کماراورراجمکار کی فلم سوداگر سے اورکسی حد تک شاہ رخ اور سلمان کی زندگی سے ملتی جلتی ہے جس میں دونوں دوست ایک دوسرے کے دشمن بن جاتے ہیں اوریہ دشمنی ایک بارپھردوستی میں بدل جائے گی۔ پراجیکٹ کا نام اوردیگرکاسٹ کے حوالے سے فی الحال کوئی اطلاعات منظرعام پر نہیں آئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق کنگ خان اور دبنگ خان آخری بار1998 میں ریلیز ہوئی فلم کچھ کچھ ہوتا ہے میں ایک ساتھ نظرآئے تھے تاہم 2008 میں ایک تقریب کے دوران ہونے والے جھگڑے کے باعث فلم تودوردونوں کو ایک دوسرے کی شکل دیکھنا بھی گوارہ نہ تھا۔ لیکن گزشتہ برس فلم ٹیوب لائٹ کی ریلیز کے موقع پر دونوں خانزکی دشمنی ایک بار پھر دوستی میں بدل گئی۔ سلمان خان کی فلم ٹیوب لائٹ میں شاہ رخ مختصر کردار میں نظر آئے تھے اور اب سلمان شاہ رخ کی فلم زیرو میں مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔